بیدر۔20۔ڈسمبر(اعتماد نیوز)ضلع سطح کے اردوو مراٹھی تعلیمی وثقافتی مقابلہ جات کا محکمہ تعلیمات عامہ کی جانب سے شاہین گرلز کیمپس گاوان چوک بیدر میں انعقاد عمل میں آیا۔ ان مقابلہ جات کا افتتاح جناب الحاج عبدالقدیر سکریٹری شاہین ادارہ جات بیدر کے ہاتھوں عمل میں آیا۔جبکہ صدارت کافریضہ جناب عنایت الرحمن شندھے ڈی وائی پی سی تحریک تعلیم عام نے کی ۔ مہمان خصوصی کے طورپر جناب دیشپا ‘ محترمہ شالنی لیکچرر ڈائٹ بیدر ، جناب سید خورشید احمد قادری ای سی او نے ان مقابلوں میں شرکت کی ۔جناب عبدالقدیر نے اپنے صدارتی خطاب میں بتایاکہ ان مقابلہ جات کے انعقاد سے طلباء کی ہمہ جہت ترقی ممکن ہے۔ مقابلہ جات میں حصہ لینے والے طلباء نے زندگی کے مختلف میدانوں میں بڑا کام کیاہے۔لہٰذا طلباء کو چاہیے کہ وہ ذوق وشوق سے مقابلوں میں حصہ لیں ۔ جناب عنایت الرحمن سندھے نے
کہاکہ ایسے مقابلہ جات کے انعقاد سے طلباء میں مقابلہ جاتی جذبہ پید اہوتاہے ۔ انھوں نے طلباء کو ان مقابلوں میں حصہ لینے کی تلقین کی ۔ محترمہ شالنی نے مراہٹی زبان میں مقابلہ جات کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد پیش کی ۔ جناب سید خورشید قادری نے ڈائرکٹر اردو ودیگر اقلیتی زبانیں بنگلور کا شکریہ اداکیاکہ ایسے مقابلہ جات سے اردو اور دیگر اقلیتی زبانوں کے طلباء میں بھی مسابقتی جذبہ پیدا ہورہاہے۔ ان مقابلوں میں تمام تعلقہ جات کے تقریباً300اردو اورمراٹھی زبان کے طلباء وطالبات نے شرکت کرکے اپنی علمی لیاقت ، ذکاوت اور اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ شیخ مسیح الدین مدرس املاپور نے افتتاحی جلسہ کی نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ جناب محمد اسمعیل سی آرپی نے مہمانوں کااستقبال کیا۔ محمد ریاض الدین قریشی ای سی او بیدر کے اظہار تشکر پر افتتاحی تقریب اختتام کو پہنچی ۔